ملک و قوم کی بہتری کیلئے جو بھی فیصلے ہوں گے ساتھ دیں گے۔ شبیر قائم خانی

ملک و قوم کی بہتری کیلئے جو بھی فیصلے ہوں گے ساتھ دیں گے،
تحریک انصاف اپنی ناکامیوں کا ملبہ دوسروں پر ڈال رہی ہے،
نئے صوبے لسانی کی بجائے انتظامی بنیادوں پر بننے چاہیئں،
پی ایس پی پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنائے گی۔ شبیر قائم خانی
ملتان ( سوسائٹی نیوز )
پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین شبیر قائم خانی نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اپنی ناکامی کا ملبہ دوسروں پر ڈال رہی ہے ۔ملک و قوم کی بہتری کے لیے جو بھی فیصلے ہوں گے ساتھ دیں گے۔ ملک کی بہتری کے لیے سب سے ملنے کو تیار ہیں۔ ملک معاشی بدحالی کا شکار ہے جس کے لئے اس وقت بہتر قیادت کی ضرورت ہے۔

کسی نے روٹی،کپڑا اور مکان کا تو کسی نے تبدیلی کے نعرے لگائے۔ لسانی کی بجائے انتظامی بنیادوں پر نئے صوبے بننے چاہئیں۔ جنوبی پنجاب کی عوام کو ہمیشہ لولی پاپ دیا گیا۔ گزشتہ 75 سالوں بعد بھی جنوبی پنجاب تباہ حالی کا شکار ہے ۔جنوبی پنجاب آنے کا مقصد پارٹی کو مزید فعال کرنا ہے۔
پی ایس پی پاکستان کو قائد اعظم کا پاکستان بنائے گی۔ ایم کیو ایم اور دیگر جماعتوں سے جنرل الیکشن سے پہلے الحاق کی بات قبل از وقت ہے۔ گرین پاسپورٹ کو عزت دلانے کے دعوے کرنے والے مرغیاں کٹے پالنے کی باتیں کرتے رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ہاؤس ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر پی ایس پی کے ممبر نیشنل کونسل وصدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ ودیگر بھی موجود تھے۔
شبیر قائم خانی نے کہا کہ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے لیکن سندھ حکومت کی نااہلی کی وجہ سے آ ج کراچی کچرامنڈی میں تبدیل ہو چکا ہے ۔سٹریٹ کرائم میں اضافے کی وجہ سے اہلیان کراچی کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں۔ بزنس مین اور تجارتی و کاروباری طبقہ الگ پریشانی کا شکار ہے ۔سندھ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ کراچی کی بہتری کے لیے حقیقی معنوں میں اقدامات کو یقینی بنائے۔
قائد مصطفی کمال کو جب موقع ملا تو انہوں نے کراچی کو دنیا کا تیز ترین ترقی کرنے والا ملک بنا دیا اور روشنیوں کے شہر میں تبدیل کردیا اور آج تک ان کی کراچی کی بہتری کے لیے کوششوں پر مثالیں دی جاتی ہیں لیکن پیپلز پارٹی نے کراچی کو تباہی کے دہانے پر لا کھڑا کیا ۔آج تک سندھ کے سیلابی علاقوں سے پانی نہیں نکالا گیا ۔ملک میں وسائل ہیں مگر اچھی قیادت نہیں ہے ۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتوں نے مسائل حل کرنے کی بجائے صرف باتیں ہی کیں۔ پی ٹی آئی نے 100 روز میں جنوبی پنجاب کا وعدہ کیا۔ ایک کروڑ نوکریاں اور پچاس لاکھ گھر دینے کے سہانے خواب دکھائے گئے لیکن سیکریٹریٹ کا ڈرامہ رچا کر جنوبی پنجاب کی عوام کو دھوکا دیا گیا۔
اب بھی وقت ہے کہ جنوبی پنجاب کی عوام پی ایس پی کے قائد مصطفی کمال کا ساتھ دیں اس وقت مصطفی کمال سے بہتر کوئی قیادت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم سے بعد میں آزاد ہونے والے ملک ہم سے کہیں آ گے نکل گئے اور ہم ابھی تک جنوبی پنجاب کو ترقی نہیں دے سکے تو ملک بھر میں ترقی کیسے ہوگی۔
پی ایس پی نے حالیہ بلدیاتی انتخابات میں بلوچستان ،کے پی کے میں کامیابی حاصل کی۔ انشاء اللہ بہت جلد ملک کے دیگر صوبوں میں بھی بلدیاتی انتخابات میں کامیابی حاصل کریں گے اور عام انتخابات کے لئے بھی حکمت عملی طے کر لی ہے۔ ملک و قوم کے مسائل کے حل کے لیے ہم اپنے حصے کا دیا جلا رہے ہیں۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ بھی اپنے حصے کا دیا جلائے۔
ملتان ۔پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی وائس چیئرمین شبیر قائم خانی پریس کانفرنس کررہے ہیں صدر جنوبی پنجاب کرامت علی شیخ ودیگر ہمراہ ہیں